ملاکنڈ ڈویژن میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا، آر پی او ملاکنڈ
غیر قانونی رکشوں، گاڑیوں اور اڈوں کے خلاف کارروائی جبکہ مینگورہ شہر کے پلازوں میں کار پارکنگ یقینی بنائی جائے گی، آر پی او ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی میٹ دی پریس
سوات (بیورو رپورٹ) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ریجن زاہد نواز مروت نے کہا ہے کہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، قانون ہاتھ میں لینے اور امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا جبکہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ سوات میں ٹریفک نظام کی بہتری، غیر قانونی اڈوں کے خاتمے اور غیر قانونی رکشوں سمیت قواعد و ضوابط کے خلاف چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔۔اس موقع پر اے ڈی آئی جی نعیم حسین اور ایس ڈی پی او کلیم خان بھی موجود تھے۔آر پی او زاہد نواز مروت نے کہا کہ مینگورہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہر میں تعمیر ہونے والے پلازوں میں گاڑیوں کی پارکنگ کو یقینی بنایا جائے گا اور پلازہ مالکان کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹسز بھی جاری کیے جائیں گے تاکہ پارکنگ کے لیے مناسب انتظامات کیے جا سکیں اور شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں قائم غیر قانونی اڈوں کے خاتمے کے لیے بھی کارروائی کی جائے گی جبکہ غیر قانونی رکشوں اور دیگر ایسی گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی جاری ہے جو ٹریفک قوانین اور مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ آر پی او نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے، باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے اور امن و امان کے قیام میں مقامی آبادی کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے مقامی عمائدین اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنایا جا سکے اور مشترکہ کوششوں سے امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔ زاہد نواز مروت نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے، اس لیے تھانوں میں شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ تھانوں میں آنے والے افراد کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں اپنی شکایات درج کرانے اور قانونی معاونت حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون کی عمل داری برقرار رکھنے، جرائم کے خاتمے، ٹریفک نظام کی بہتری اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے تمام قانونی تقاضوں کے مطابق اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔