پاکستان

سوات میں قانونی رکشوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف رکشہ یونین کا احتجاج، آپریشن پر نظرثانی کا مطالبہ

اکتوبر 21, 2026 • Press Release

سوات (بیورو رپورٹ)سوات میں رکشہ یونین نے سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قانونی دستاویزات اور رجسٹریشن رکھنے والے رکشوں کی پکڑ دھکڑ فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ رکشہ یونین کے صدر جہانزیب خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین غیر قانونی رکشوں کے خلاف انتظامیہ کے آپریشن کی حمایت کرتی ہے، تاہم قانونی کاغذات رکھنے والے رکشوں کو ضبط کرنا غریب ڈرائیوروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے قانونی دستاویزات اور رجسٹریشن حاصل کرنے والے رکشے فوری طور پر رہا کیے جائیں اور سوات میں نئے رکشوں کی آمد پر پابندی عائد کی جائے، کیونکہ روزانہ بڑی تعداد میں رکشے سوات منتقل کیے جا رہے ہیں، مگر اس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ جہانزیب خان نے کہا کہ یونین بھی غیر قانونی رکشوں کے خلاف ہے، لیکن قانونی رکشے ضبط کرکے غریب ڈرائیوروں سے روزگار چھیننا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک شخصیت کی جانب سے انہیں بار بار دھمکیاں دی جا رہی ہیں، تاہم وہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ یونین کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے قانونی رکشوں کی پکڑ دھکڑ بند کی جائے، بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔