پاکستان

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے ہیمل پنکٹوبر 2026 کا انعقاد 31 اکتوبر کو ہوگا

اکتوبر 19, 2026 • Press Release

لاہور,اکتوبر 19:( اے بی سی)چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنے اور اس مرض سے صحت یاب ہونے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے اسپورٹس اِن پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ تقریب ’’ہیمل پنکٹوبر 2026‘‘ میرا تھن 31 اکتوبر کو باغ جناح میں منعقد ہوگی۔منتظمین کے مطابق اس مہم میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کا مقصد چھاتی کے سرطان سے متعلق عوامی آگاہی کو فروغ دینا، اس مرض کا مقابلہ کرنے والی خواتین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور اس کے باعث زندگی کی بازی ہارنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
تقریب کےشرکاء کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں 20 کلومیٹر سائیکلنگ، 10 کلومیٹر دوڑ، 5 کلومیٹر دوڑ یا واک اور ڈسٹنس سیریز کے شرکاء کے لیے 30 کلومیٹر کا چیلنج شامل ہے۔منتظمین کے مطابق 5 کلومیٹر دوڑ اور واک میں ہر عمر اور جسمانی استعداد کے افراد شرکت کر سکیں گے، جبکہ 20 کلومیٹر سائیکلنگ اور 10 کلومیٹر دوڑ فٹنس کے شوقین افراد کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔ 30 کلومیٹر کا چیلنج خصوصی طور پر ڈسٹنس سیریز کے شرکاء کے لیے مختص ہوگا۔ایونٹ میں شرکت کرنے والوں کو ٹی شرٹ اور مقابلہ مکمل کرنے پر میڈل بھی دیا جائے گا۔ تقریب کا آغاز صبح 6 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، جبکہ شرکاء کو صبح 6 بجے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔منتظمین نے کہا کہ ہیمل پنکٹوبر محض ایک تقریب نہیں بلکہ چھاتی کے سرطان کے خلاف آگاہی اور اجتماعی جدوجہد کی تحریک ہے، جس کے ذریعے بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنے، متاثرہ خواتین کی حوصلہ افزائی اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے عوام کو متحرک کیا جائے گا۔