ملاکنڈ ڈویژن اور قبائلی اضلاع کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے، صلاح الدین یوسفزئی
سوات (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے مرکزی ترجمان صلاح الدین یوسفزئی نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن سمیت قبائلی اضلاع کے عوام کو درپیش معاشی مشکلات اور ان علاقوں کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکسوں کے نفاذ کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور ان علاقوں کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن اور قبائلی اضلاع کے عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، معاشی بدحالی اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔ ایسے حالات میں عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا ان کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ محض عمومی پالیسیوں کے بجائے ان علاقوں کے مخصوص جغرافیائی، معاشی اور سماجی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے قابلِ عمل اور عوام دوست فیصلے کرے۔ صلاح الدین یوسفزئی نے کہا کہ یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ، ایک دوسرے پر الزامات لگانے اور اختلافات کو ہوا دینے کا نہیں بلکہ ملاکنڈ ڈویژن اور قبائلی اضلاع کے عوام کے حقوق کے لیے متحد ہو کر آواز اٹھانے کا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں اور متعلقہ قیادت کو اپنے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہوگا اور مرکزی حکومت کے سامنے عوام کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کرنا ہوگا۔