سفیرِ پاکستان سلمان شریف کی طرف سے جرمنی کے صدر کو سفارتی اسناد پیش
برلن: جرمنی میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیرسلمان شریف نے آج جرمنی کے وفاقی صدر جناب فرینک والٹر شٹائن مائر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔
صدارتی دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران سفیر سلمان شریف نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور عوامِ پاکستان کی جانب سے جرمن صدر کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر سفیرپاکستان نے اپنی قیادت کی طرف سےعزم کا اظہار کیا کہ جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزیدستحکم بنایا جائے گا، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون، توانائی کی شراکت داری اور ماحول دوست ترقی کے اقدامات خصوصی توجہ کے مرکز ہوں گے۔
سفیرِ پاکستان نے اس ضمن میں صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری کے آئندہ دورۂ جرمنی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور جرمنی اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
جرمنی کےصدر نے سفیر پاکستان کو برلن میں خوش آمدید کہا اور ان کی سفارتی ذمہ داریوں کی کامیاب ادائیگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جرمن صدر نے آنے والے برسوں میں پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی ہفتے صدرِ پاکستان کے سرکاری دورۂ جرمنی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی سراہا۔