تھانہ منڈا میں ڈی پی او لوئر دیر کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد
عوامی شکایات کا بروقت ازالہ اور انصاف کی فراہمی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، سید طلال احمد شاہ
تیمرگرہ (اسماعیل انجم سے) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر دیر سید طلال احمد شاہ کی زیرِ صدارت تھانہ منڈا میں عوامی مسائل سننے اور ان کے فوری حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی رہنماؤں، علاقائی عمائدین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست ڈی پی او لوئر دیر کے سامنے پیش کیں۔ اس موقع پر ڈی ایس پی تیمرگرہ سرکل، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ او تھانہ منڈا اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ پولیس حکام نے شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او سید طلال احمد شاہ نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیں، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنے فرائض پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور مضبوط رابطہ ناگزیر ہے۔
کھلی کچہری میں مسلم لیگ (ن) کے سابق امیدوار قومی اسمبلی حاجی روح اللہ شاکر، پیپلز پارٹی تحصیل منڈا کے صدر ملک فضل عزیز اور جماعت اسلامی کے رہنما ہمایون خان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔