سوات میں گندم کی بروقت فراہمی اور آٹے کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کی ہدایت
سوات(بیورورپورٹ)ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ملاکنڈ ڈویژن محمد زبیر خان نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سوات وسیم کمال کے ہمراہ پی آر سی (پروونشل ریزروسنٹر) سوات کا دورہ کیا اور وہاں سے فلور ملز کو گندم کی ترسیل کا جائزہ لیا۔دورانِ معائنہ فلور ملز کو فراہم کی جانے والی گندم اعلیٰ معیار کی پائی گئی اور اس سلسلے میں معیار کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت یا مسئلہ سامنے نہیں آیا۔ مزید برآں، گودام میں فلور ملوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم کا وافر ذخیرہ موجود پایا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ملاکنڈ ڈویژن محمد زبیر خان نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ فلور ملوں کو گندم کی بروقت فراہمی اور فلور ملوں سے آٹے کی عوام میں منصفانہ تقسیم کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان امور میں کسی قسم کی غفلت، بے ضابطگی یا غیر ضروری رعایت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام مراحل میں شفافیت اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بلا امتیاز آٹے کی دستیابی ممکن ہو۔ دورے کے دوران مجموعی طور پر پی آر سی سوات کا معائنہ تسلی بخش رہا اور گندم کے معیار یا گودام میں ذخیرے کی دستیابی کے حوالے سے کوئی مسئلہ مشاہدے میں نہیں آیا۔