غوڑا بانڈہ میں خسرے سے چار بچے جاں بحق، متعدد زیرِ علاج
ڈپٹی کمشنر کا دورہ، تین روز میں سول ڈسپنسری کے قیام اور ہنگامی ویکسینیشن مہم کا حکم
ثمرباغ (عمران خان شاہیخیل سے)
لوئر دیر کی تحصیل ثمرباغ کے دور افتادہ سرحدی گاؤں غوڑا بانڈہ میں خسرے کی وباء سے چار بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد بچے زیرِ علاج ہیں۔ واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے متاثرہ علاقے میں ہنگامی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لوئر دیر بشارت احمد خان نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شیر خان آفریدی اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ثمرباغ سعید اللہ کے ہمراہ متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا اور جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ثمرباغ کی میڈیکل ٹیم نے بھی خسرے کی روک تھام کے لیے اقدامات شروع کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو تین روز کے اندر سول ڈسپنسری کے قیام، بنیادی ادویات اور طبی عملے کی فراہمی، ہنگامی ویکسینیشن مہم شروع کرنے اور ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں میڈیکل کیمپ لگانے کی ہدایت کی۔
مقامی عمائدین نے صحت، تعلیم، سڑکوں اور مویشیوں کے علاج معالجے سے متعلق مسائل بھی پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑک کی بحالی، ہر پندرہ دن بعد ویٹرنری میڈیکل کیمپ لگانے اور مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں، جبکہ مڈل اور ہائی سکولوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔