پاکستان

مینگورہ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، غیر قانونی تعمیرات مسمار

اکتوبر 25, 2026 • Press Release

سوات (بیورو رپورٹ) مینگورہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور عوامی راستوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سوات نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے آپریشن کے مقام کا دورہ کرکے جاری کارروائی کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی افنان رضا اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹو بابوزئی بریخنا حبیب کی نگرانی میں تحصیل میونسپل انتظامیہ بابوزئی کے تعاون سے جاری آپریشن کے دوران تحصیل میونسپل آفیسر افضل خان اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔ آج امانکوٹ چوک سے قمبر چوک تک کارروائی کی گئی، جس کے دوران سڑکوں اور عوامی راستوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات، تجاوز شدہ ڈھانچے، سائن بورڈز اور دیگر رکاوٹیں ہٹانے کے ساتھ مسمار بھی کی گئیں، جس سے عوامی گزرگاہوں کو کھولنے میں مدد ملی۔ ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے واضح کیا کہ مستقل اور عارضی تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا تاکہ سڑکوں کو کشادہ کرکے ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جاسکے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے۔ انہوں نے شہریوں اور کاروباری حضرات پر زور دیا کہ وہ مینگورہ شہر کو تجاوزات سے پاک اور منظم بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔