مینگورہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، مذبح خانہ اور پرانی سبزی منڈی میں تھڑے مسمار
سوات (بیورورپورٹ) سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سمیت ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پیر کے روز مین بازار کے قریب مذبح خانہ اور پرانی سبزی منڈی میں بھی تجاوزات ہٹا کر تھڑے مسمار کر دیے گئے، جبکہ مختلف بازاروں اور فضاگٹ بائی پاس پر تجاوزات ختم کرنے کے لیے لوگوں کو مہلت دے دی گئی ہے۔ شہریوں نے بھی ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مینگورہ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں اپنی تجاوزات رضاکارانہ طور پر ہٹانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جہاں کہیں بھی تجاوزات موجود ہوں گی، انتظامیہ کارروائی کرے گی۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور اپنی تجاوزات خود ہٹا لیں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات مسمار کر دی جائیں گی۔