غزہ: معصوم فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ رفح پر تازہ ترین حملوں میں مزید 5 بچے شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 5 بچے شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 147 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے دیر البلاح کے علاقے میں الاقصی شہداء اسپتال پر بمباری کے نتیجے میں 40 افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پر حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار 357 سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ زخمیوں کی تعداد 59 ہزار 410 ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کے بعد میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی صدر غزہ کا کنٹرول سنبھالنے اور فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کے لیے تیار ہیں۔