سوات: مینگورہ میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں دو پولیس اہلکار گرفتار
سوات (بیورو رپورٹ) مینگورہ میں پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو تفتیش کے بہانے ہوٹل لے جا کر خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کرنے کے الزام میں دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کو دی گئی رپورٹ کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والی خاتون علیبہ نے تھانہ رحیم آباد میں بیان دیا ہے کہ وہ اپنے شوہرمطیع اللہ کے ہمراہ مدین سے پشاور واپس جا رہی تھیں کہ مینگورہ کے علاقے اینگرو ڈھیرئی میں دو افراد نے انہیں تفتیش کے بہانے روکا اور مینگورہ میں واقع ایک ہوٹل لے گئے۔ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ ہوٹل میں دونوں اہلکاروں نے ان کے ساتھ مبینہ طورپر زیادتی کی اور پولیس کو واقعے کی اطلاع دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ رپورٹ میں نامزد اہلکاروں میں واحد محمد سکنہ الہ ڈھنڈ ملاکنڈ اور غضنفر سکنہ پشاور شامل ہیں، غضنفر کی تعیناتی کبل پولیس لائنز میں بتائی گئی ہے، جبکہ دوسرے اہلکار واحد محمد قلاگے چوکی میں تعینات ہیں۔ سوات پولیس کے مطابق خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے دونوں نامزد اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔