
شعبہ انٹامولوجی، زرعی یونیورسٹی پشاور نے طلباء اور عوامی آگہی کے حوالے سے "ڈینگی ویکٹر سرویلنس اینڈ مینجمنٹ” کے موضوع پر ایک روزہ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت مہمان خصوصی تھے۔ چیئرمین شعبہ ویڈ سائنس اینڈ باٹنی پروفیسر ڈاکٹر محمد عظیم خان، چیئرمین شعبہ ریاضی، سٹیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس پروفیسر ڈاکٹر ظفر محمود،چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف واٹر مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اور پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر بشیر احمد سمیت کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
چیرمین شعبہ انٹامولوجی پروفیسر ڈاکٹر مقصود شاہ نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اورسیمینار کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سیمینار کے آرگنائزر ڈاکٹر امجد عثمان کے ساتھ ڈاکٹر کامران سہیل اور مہمان مقرر ڈاکٹر محمد عثمان، اسسٹنٹ مینجر، ٹیکنیکل سلوشن، سینجنٹا پاکستان نے ڈینگی مچھر، اس کی افزائش نسل اور ڈینگی وائرس کے ساتھ اس کے تعلق پر گفتگو کی۔
وائس چانسلر نے اس طرح کے اہم سیمینار کے انعقاد پر شعبہ انٹامولوجی کے طلباء اور فیکلٹی ممبران دونوں کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے سیمینار انسانی صحت کے عوامی مفادات کے بارے میں کمیونٹی میں آگاہی پیدا کرنے میں بہت مفید ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ حل کی سفارش کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی مفاد عامہ کے لئے اس طرح کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے طلباء اور فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ معاشرے اور یونیورسٹی دونوں کی بہتری کے لئے سخت محنت کریں۔ انہوں نے صفائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اردگرد ماحول کو صاف ستھرا رکھنا چاہیئے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے طلباء اور ریسورس پرسنز میں اسناد تقسیم کیں۔ چیئرمین شعبہ انٹامولوجی پروفیسر ڈاکٹر مقصود شاہ نے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کو شیلڈ پیش کی۔ سیمینار کے بعد یونیورسٹی میں آگاہی واک کی گئی۔