
بٹ خیلہ (مدثرطاہریوسفزئی نمائندہ خصوصی)غریب ریڑھی بانوں کو جعلی نوٹ دے کر چار نوسر باز ملاکنڈ لیوی کے ہتھے چڑھ گئے، نوسربازوں سے لاکھوں روپے کی جعلی کرنسی اور موٹر کار لیوی اہلکاروں نے قبضہ میں لے لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شکیل احمد خان نے پوسٹ کمانڈر نیک رحمان کے ہمراہ گرفتار ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز لیوی اہلکاروں کو اطلاع ملی کہ نوسرباز غریب ریڑھی بانوں کو جعلی نوٹ دے کر سودا خریدنے کے ساتھ بقایا رقم وصول کرکے رفو چکر ہوجاتے ہیں جس پرپوسٹ کمانڈر نیک رحمان نے دیگر نفری کے ہمراہ بٹ خیلہ بازار میں موٹر کار نمبر 2111 ایل ای سی میں سوار چار ملزمان سمیع اللہ، مطیع اللہ، سجاد احمد اور ساجد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے پانچ پانچ ہزار کے جعلی نوٹوں پر مشتمل ڈھائی لاکھ روپے برامد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کی گاڑی بھی قبضہ میں لے لی، جو نوسربازوں نے مبینہ کرایہ پر حاصل کررکھی تھیں، انہوں نے کہا کہ ملزمان کا طریقہ واردات یہ رہا کہ سادہ لوح ریڑھی بانوں کو پانچ ہزار کا نوٹ دے کر ان سے کچھ سودا خریدتے اور پھر بقایا رقم بھی وصول کرکے رفو چکر ہوجاتے، انہوں نے کاروائی میں حصہ لینے والے لیوی اہلکاروں کو شاباش دی اور تاجروں سے گزارش کی کہ بڑے نوٹوں کو ضرور چیک کیا کریں تاکہ وہ فراڈیوں کے لوٹنے سے نجات حاصل کرسکیں۔