
یورپی یونین مسابقتی قانون کی خلاف ورزی پر مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر 539 ملین ڈالر (500 ملین یورو) کا جرمانہ عائد کرے گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فنانشل ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایپل پر یورپی یونین کے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے اس لیے اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق جرمانے کا اعلان اگلے ماہ کے اوائل میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ یورپی کمیشن نے گزشتہ سال ایپل پر اپنے ایپ اسٹور کے قوانین کے ذریعے میوزک اسٹریمنگ مارکیٹ میں مسابقت کے قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا، جو میوزک کی خریداری کے لیے ڈویلپرز کے اختیارات کو محدود کرتے ہیں۔
یورپی کمیشن اور ایپل دونوں نے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔