اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر سوات کی عوام سے ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی
سوات (بیورو رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے اپنے دفتر میں شہریوں، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہریوں اور وفود نے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر نے غور سے سنا اور متعلقہ مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل، شہریوں کی داد رسی اور سرکاری دفاتر تک عوام کی آسان رسائی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں اور عوامی مسائل سننا اور ان کا حل یقینی بنانا حقیقی عوامی خدمت کا حصہ ہے۔