پاکستان

سوات میں ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ کے عمل میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کی ہدایت

اکتوبر 28, 2026 • Press Release

سوات (بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک وارڈن سوات پرویز خان نے سیکٹر کبل، کانجو ٹاؤن شپ میں قائم پولیس ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ گراؤنڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ دورانِ ڈرائیونگ تمام حفاظتی اصولوں کی پابندی کی جائے، جبکہ ون ویلنگ، تیز رفتاری، اوورلوڈنگ اور دیگر خطرناک حرکات سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ ایس پی ٹریفک وارڈن نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ایک ذمہ داری ہے اور ہر ڈرائیور کا فرض ہے کہ وہ اپنی اور دیگر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کرے۔ بعد ازاں انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے طریقہ کار، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ٹیسٹ گراؤنڈ میں جاری عملی و نظری امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ صرف اہل امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا سکیں۔ ترجمان ٹریفک وارڈن پولیس سوات کے مطابق ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔