بونیر: گدیذی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، جوخیلہ چوک اور پاچا بازار میں غیر قانونی تجاوزات مسمار
اسسٹنٹ کمشنر، ٹی ایم او، پولیس اور پی کے ایچ کی مشترکہ کارروائی؛ بازار کی وسعت اور ٹریفک کی روانی میں بہتری پر تاجر برادری کا خیرمقدم
بونیر (بیورو چیف اے آر عابد بونیری) ضلع بونیر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں سب ڈویژن گدیذی کی انتظامیہ، ٹی ایم اے پیر بابا، پولیس اور پی کے ایچ کے عملے نے منگل کے روز مشترکہ آپریشن کیا۔ آپریشن کا آغاز جوخیلہ چوک سے کیا گیا، جہاں پاچا ہسپتال اور پاچا بازار کے سامنے سرکاری سڑک کے اطراف قائم تجاوزات کو بغیر کسی مزاحمت کے مسمار کر دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خلاف یہ مہم پورے سب ڈویژن گدیذی میں بلا تفریق اور بلا امتیاز جاری رہے گی، جس کا مقصد سرکاری سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کرنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور عوام کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ آپریشن گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ڈپٹی کمشنر بونیر محمد انوارالحق کی ہدایات پر کیا گیا۔ آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر گدیذی احمد شیر خان، ٹی ایم او پیر بابا افسر علی خان، ایس ایچ او پیر بابا افسان خان اور اے ڈی پی کے ایچ اے نے کی، جبکہ بھاری مشینری کے ذریعے سڑک کے کناروں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر، ایس ایچ او اور اے ڈی پی کے ایچ کے نمائندوں نے کہا کہ صوبائی گورنر کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر بونیر کی ہدایات کے مطابق سرکاری سڑک کے دونوں اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے آپریشن کے دوران کسی قسم کی مزاحمت یا ناخوشگوار صورت حال پیش نہ آنے پر تاجر برادری اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارروائی سے قبل متعلقہ افراد کو آگاہ کیا گیا تھا اور انہیں اپنی مدد آپ کے تحت تجاوزات ختم کرنے کا موقع بھی دیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد تاجروں نے خود تجاوزات ہٹا کر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا۔
دوسری جانب بازار کے صدر سید واحد خان اور جنرل سیکرٹری تاج محمد خان نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو یکساں، بلا امتیاز اور مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی سے سڑک اور بازار میں وسعت پیدا ہوئی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی آمدورفت میں آسانی ہوگی۔
انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا کہ سب ڈویژن گدیذی میں تجاوزات کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔