پاکستان

عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، نئی نسل کا مستقبل تباہ نہیں ہونے دیں گے، آر پی او زاہد نواز مروت

اکتوبر 30, 2026 • Press Release

سوات (بیورو رپورٹ) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن زاہد نواز مروت نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ منشیات فروشوں اور منشیات کے خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشن جاری ہے، نئی نسل کی زندگی تباہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آسکے، جبکہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا مقصد بھی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب کی کابینہ اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان بھی موجود تھے۔ آر پی او نے کہا کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں جرائم اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے چوکیداری نظام کو فعال بنایا جائے گا، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت دیگر حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ تھانوں میں مددگار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو سائلین کی داد رسی اور رہنمائی کریں گے تاکہ انہیں درپیش مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں پہلے سے قائم ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز (ڈی آر سیز) کو بعض ارکان کی جانب سے مبینہ طور پر غلط فائدہ اٹھانے اور ان کے کردار پر شکوک و شبہات کے باعث تحلیل کیا گیا ہے، اب نئی ڈی آر سیز تشکیل دی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں اہل اور باکردار افراد سے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں، جن کی جانچ پڑتال کے بعد نئی کونسلز قائم کی جائیں گی۔ آر پی او نے مزید کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے ختم کرنے کے لیے پولیس افسران مساجد اور محلوں میں جاکر شہریوں کے مسائل سنیں گے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنانے کے لیے بھی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ رشوت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف بھی کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں اور معاشرتی اصلاح و بہتری میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پولیس اور میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سوات پریس کلب کے چیئرمین فضل رحیم خان، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزاد عالم خان اور دیگر عہدیداروں و سینئر صحافیوں نے مختلف تجاویز پیش کیں، جن پر آر پی او نے متعلقہ حکام کو عمل درآمد کی ہدایات جاری کیں۔
۔۔۔۔