پاکستان

لوئر چترال پولیس کا طالبات میں سماجی و قانونی شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی اقدام ، پولیس سہولت مرکز زرگراندہ میں آگاہی سیشن کا انعقاد

اکتوبر 30, 2026 • Press Release

ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات پر لوئر چترال پولیس کے زیرِ اہتمام فرنٹیر کور پبلک سکول اینڈ کالج دروش و چترال کی طالبات کے لیے پولیس سہولت مرکز زرگراندہ میں خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

سیشن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان نے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈی۔ایس۔پی لیگل شیر محسن الملک، فاروق اعظم ایجوکیشن افیسر فرنٹیر کور پبلک سکول اینڈ کالج، انچارج سوسائیڈ پریوینٹیو یونٹ اینڈ جینڈر رسپانس سنٹر SI دلشاد پری سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈی۔پی۔او لوئر چترال محمد خالد خان نے طالبات سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان، اس کے بنیادی اسباب، تدارک اور روک تھام کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے ہراسمنٹ کی مختلف اقسام، اس سے بچاؤ، اپنے حقوق کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بروقت متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

ڈی۔پی۔او نے طالبات کو منشیات سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے منفی اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے اور اس کی مثبت تربیت، ذہنی و سماجی تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ذہنی پریشانی یا مشکل صورتحال میں خاموش رہنے کے بجائے والدین، اساتذہ اور متعلقہ اداروں سے بلا جھجھک رہنمائی حاصل کریں۔

سیشن کے دوران طالبات کو سوالات و جوابات کے ذریعے اپنے مسائل اور تحفظات کے اظہار کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔

اس آگاہی پروگرام کا بنیادی مقصد طالبات میں خودکشی کے رجحان، منشیات اور ہراسمنٹ جیسے اہم سماجی مسائل کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنا، انہیں اپنے حقوق اور تحفظ کے طریقہ کار سے روشناس کرانا اور ایک محفوظ، باشعور اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔

لوئر چترال پولیس نوجوان نسل کی رہنمائی، خواتین کے تحفظ اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے آگاہی پروگرامز کے انعقاد کو اہمیت دیتی ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ ڈسٹرکٹ لوئر چترال پولیس