ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سعیداللہ کا تحصیل منڈہ کے سکولوں کا دورہ، غیر محفوظ عمارتیں سیل، طلباء محفوظ کمروں میں منتقل
ثمرباغ( عمران خان شاہیخیل سے ) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ثمرباغ سعیداللہ خان نے آج 5 نومبر کو تحصیل منڈہ کے مختلف سکولوں کا دورہ کیا اور طلباء کی حفاظت کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
متعلقہ سکولوں کا پہلے ہی محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W)، محکمہ تعلیم اور سب ڈویژن انتظامیہ کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ ٹیم معائنہ کر چکی تھی۔ ٹیم کی رپورٹ میں چند سکولوں کی عمارتوں کو طلباء کے لیے غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا۔
مشترکہ معائنے کی رپورٹ کی روشنی میں انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر محفوظ عمارتوں کو سیل کر دیا ہے، جبکہ وہاں زیر تعلیم طلباء کو محفوظ کمروں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ تدریسی سرگرمیاں بھی جاری رہیں اور بچوں کی جان و سلامتی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔