ڈی۔پی۔او لوئر چترال محمد خالد خان کا تھانہ ارندو کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ اور علاقے کے عمائدین سے ملاقات
ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) نے تھانہ ارندو کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش سجاد حسین، ایس۔ایچ۔او تھانہ ارندو SI فضل کریم اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے تھانے کے مختلف شعبہ جات، سکیورٹی انتظامات، حوالات، ریکارڈ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی حاضری اور مجموعی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے تھانے میں جاری مددگار پولیس اقدام کے تحت کیے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور اس حوالے سے قائم رجسٹر میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ انہوں نے عوام کو بروقت معاونت اور بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے اس اقدام کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے علاقے کے عمائدین سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل، تجاویز اور علاقے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان قریبی روابط اور باہمی تعاون امن و امان کے قیام کے لیے نہایت اہم ہیں۔ عوامی مسائل کے حل اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔
ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے بالخصوص سرحدی علاقے کی حساسیت کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور گشت و چیکنگ کا نظام مزید مستحکم بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور جرائم کے تدارک کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور خوش اخلاقی سے انجام دیں۔
شعبہ تعلقات عامہ
ڈسٹرکٹ لوئر چترال پولیس