پاکستان

تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر سوات

اکتوبر 27, 2026 • Press Release

سوات (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا جبکہ عوامی مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب کے دورے کے موقع پرمیٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے صحافیوں کے پیشہ ورانہ مسائل اور مشکلات سنیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں اور عوامی مسائل کی نشاندہی، مثبت تنقید اور حقائق پر مبنی صحافت سے انتظامیہ کو کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ ملاقات کے دوران تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن، صفائی و نکاسی آب، مینگورہ خوڑ سے ملبے کی صفائی، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں اور شہری سہولیات کی بہتری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے صحافی برادری کی مثبت تجاویز کو اہمیت دی جائے گی اور انتظامیہ و میڈیا کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔