تیمرگرہ: پوسٹ گریجویٹ کالج میں دو روزہ کتب میلے کا انعقاد ، نوجوانوں میں کتب بینی کے فروغ پر زور
تیمرگرہ (اسماعیل انجم سے) ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفس دیر لوئر اور ایس آئی (SI) سروسز کے باہمی اشتراک سے پوسٹ گریجویٹ کالج تیمرگرہ میں "دو روزہ کتب میلے” کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ کتب میلے کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عزا ارشد اور کالج کے پرنسپل پروفیسر شجاعت اللہ نے کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عزا ارشد نے کتب بینی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے جس کے مطالعے سے انسانی سوچ اور نقطہ نظر میں وسعت پیدا ہوتی ہے، اس لیے طلباء کو چاہیے کہ وہ نصابی کتب کے ساتھ ساتھ دیگر موضوعات پر مبنی کتابوں سے بھی بھرپور استفادہ کریں۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر شجاعت اللہ نے طلباء کے لیے اس مفید اقدام کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی امورِ نوجوانان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر جہانزیب پاشا نے کہا کہ صحت مند روایات کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ سال کی طرح رواں برس بھی کتب میلے کا انعقاد ہماری اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔ کتب میلوں کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں کتاب دوستی کو فروغ دینا ہے اور انشاءاللہ اس سلسلے کو ضلع کے دیگر کالجز تک بھی وسعت دی جائے گی۔
ایس آئی سروسز کے ڈائریکٹر سکندر اسلام نے شرکاء کو بتایا کہ اس میلے کے انعقاد کا مقصد طلباء کی سفری مشکلات کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے وہ تمام اہم کتب مقامی سطح پر ڈور سٹیپ پر فراہم کر دی ہیں، جن کے حصول کے لیے قبل ازیں طلباء کو پشاور، لاہور اور اسلام آباد جیسے دور دراز شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا۔