پاکستان

ثمرباغ: صدبرکلے میں بکریاں چرانے کے تنازع پر دو فریقوں میں تصادم، پانچ افراد زخمی

نومبر 4, 2026 • Press Release

ثمرباغ (عمران خان شاہیخیل سے) ثمرباغ کے علاقے صدبرکلے میں بکریاں چرانے کے معاملے پر دو فریقوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کو تشویش ناک حالت کے باعث تیمرگرہ منتقل کردیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک فریق کے افراد مبینہ طور پر دوسرے فریق کے کھیت میں بکریاں چرا رہے تھے۔ اس بات پر اعتراض کرنے سے شروع ہونے والی تلخ کلامی نے دیکھتے ہی دیکھتے لڑائی کی صورت اختیار کرلی، جس دوران ایک دوسرے پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا گیا۔
زخمیوں میں نور خان ولد گل باز خان، بخت منیر ولد گل باز خان، اکرام ولد انور خان، اسلام ولد جہانزیب اور سمیع اللہ ولد انور خان شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال ثمرباغ پہنچایا گیا، جہاں سے دو زخمیوں کو مزید علاج کے لیے تیمرگرہ منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب واقعے کے ممکنہ سنگین نتائج کے پیش نظر ملک نظیر گوجر سمیت گوجر برادری کے دیگر عمائدین اور صدبرکلے کے مشران سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرکے فریقین کے درمیان صلح صفائی اور تنازع کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں، تاکہ معمولی نوعیت کا یہ اختلاف مزید خون خرابے کا سبب نہ بنے۔
پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔