پاکستان

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اقبال حسین باچا کا ڈی ایچ کیو ہسپتال تیمرگرہ کا اچانک دورہ

اکتوبر 31, 2026 • Press Release

دیر پائین: کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اقبال حسین باچا نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تیمرگرہ ضلع دیر پائین کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عزہ ارشد اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر ارحم مختیار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈسٹرکٹ ہسپتال تیمرگرہ کے ڈیوٹی انچارج ڈی۔ ایم۔ ایس ڈاکٹر سکندر نے ہسپتال میں طبی سہولیات ، جاری تعمیراتی کام اور ہسپتال بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ہسپتال میں بنیادی طبی مشینوں اور آلات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈی۔ ایم۔ ایس نے کہا کہ ہسپتال میں ایم۔ ار۔ ائی مشین دستیاب نہیں ۔ کمشنر ملاکنڈ نے ہپستال میں بنیادی طبی آلات کی دستیابی کے لئے ایک جامع رپورٹ تیار کرنے کی احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ہسپتال کے مختلف یونٹس ایمرجنسی ، او۔ پی۔ ڈی ، ہسپتال فارمیسی ، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اورہسپتال میں طبی سہولیات سمیت عملے کی حاضری چیک کی۔ اس موقع پر موجود ہسپتال عملے کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ ہسپتال ایک انتہائی اہم اور حساس ادارہ ہے، جس کا براہِ راست تعلق انسانی صحت اور زندگیوں سے ہے۔ لہٰذا تمام ملازمین اپنی ڈیوٹی مقررہ اوقات میں یقینی بنائیں، فرائض منصبی پوری ذمہ داری اور ایمانداری سے ادا کریں اور کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔