صدر برکلی کے عوام کا انتظامیہ کے ساتھ مثالی تعاون، شہریوں نے رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹا کر جندول میں مثبت مثال قائم کردی
جندول (لیاقت سیماب درانی) صد برکلی کے عوام نے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کا مظاہرہ کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر اپنی تجاوزات خود ہٹا دیں۔ شہریوں کے اس مثبت اقدام کو انتظامیہ اور عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
اس موقع پر سینئر صحافی وحید خان تاجک نے صدر برکلی کے عوام کے جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جندول کے دیگر علاقوں کے لوگوں کو بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور صد برکلی کے شہریوں کی طرح انتظامیہ کا ساتھ دیتے ہوئے اپنی تجاوزات خود ہٹانی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ کسی فرد یا طبقے کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ عوامی مفاد، سڑکوں کی کشادگی اور ٹریفک کی روانی کے لیے ایک ضروری اقدام ہے۔
انتظامیہ نے بھی صدبرکلی کے عوام کے ذمہ دارانہ رویے اور تعاون کو سراہتے ہوئے اسے دیگر علاقوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ہر علاقے کے شہری اسی ذمہ داری اور شعور کا مظاہرہ کریں تو جندول کو تجاوزات سے پاک اور ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا آسان ہو سکتا ہے۔