لوئر دیر: روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے لیے ٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد
تیمرگرہ (اسماعیل انجم سے): ضلعی انتظامیہ دیر پائین کے زیرِ اہتمام اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفس و ضلعی ٹریفک پولیس کے اشتراک سے ڈی ایف سی (DFC) ٹرانسپورٹ اڈہ میں پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے لیے ایک روزہ خصوصی ٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد ڈرائیورز میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔
سیمینار میں ٹرانسپورٹ اڈوں کے مینیجرز، ڈرائیورز، سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کے دوران ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے انچارج بادشاہ حسین نے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے شرکاء کو انتہائی تفصیلی بریفنگ دی، جس میں انہوں نے جدید ذرائع جیسے ویڈیوز، سیمولیشنز اور تکنیکی مواد کی مدد سے شرکاء کو ٹریفک قواعد و ضوابط، محفوظ ڈرائیونگ کے طریقوں، حادثات کی وجوہات اور ان کے تدارک کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر جہانزیب پاشا اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس دیر لوئر خان نظر خان نے بھی شرکاء سے خصوصی خطاب کیا۔ ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر نے نوجوانوں اور ڈرائیورز کے کردار پر بات کی، جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک خان نظر خان نے ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی پر زور دیا اور عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر حادثات سے بچنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
تقریب میں ایک معلوماتی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس میں ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل سنے گئے اور ان کے حل کے لیے تجاویز زیرِ غور آئیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور یوتھ آفس کی اس کاوش کو بے حد سراہا۔