مینگورہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، سہراب خان چوک اور نیو روڈ پر دکانوں کے سامنے قائم تجاوزات ہٹا دی گئیں
سوات (بیورو رپورٹ) مینگورہ شہر میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جمعہ کے روز بھی ٹی ایم اے اہلکاروں نے سوراب خان چوک اور نیو روڈ کے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے پلازوں اور دکانوں کے سامنے قائم غیر قانونی تھڑوں، فٹ پاتھوں پر قبضوں اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا۔ آپریشن کے دوران انتظامی اہلکاروں نے دکانوں اور پلازوں کے سامنے قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا، جبکہ متعدد دکانداروں نے انتظامیہ کی جانب سے نشانات لگائے جانے کے بعد خود بھی اپنی مدد آپ کے تحت تجاوزات اور تھڑے ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ سرکاری کارروائی سے قبل اپنی جگہیں خالی کر سکیں۔ ٹی ایم اے کی جانب سے دکانداروں کو تجاوزات ختم کرنے کے لیے نشانات اور ہدایات دی گئی ہیں، جس کے بعد مختلف مقامات پر دکاندار رضاکارانہ طور پر بھی تجاوزات ہٹا رہے ہیں۔ دوسری جانب سوات کی دیگر تحصیلوں میں بھی تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف بازاروں، شاہراہوں اور تجارتی مراکز میں غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا اور جب تک تمام بازاروں، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جاتا، اس وقت تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انتظامیہ کے مطابق اس مہم کا مقصد شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا، پیدل چلنے والوں کے لیے راستے کھولنا اور شہریوں کو تجاوزات سے درپیش مشکلات سے نجات دلانا ہے۔
۔۔۔۔