پاکستان

ڈاکٹر ثناء اللہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کا احسن اقدام، 100 معذور افراد میں مفت ویل چیئرز تقسیم

نومبر 7, 2026 • Press Release

تھیلیسیمیا کی مریض بچی کو الیکٹرانک وہیل چیئر کا عطیہ بھی دیا گیا
دکھی انسانیت کی خدمت ریاست اور معاشرے کا مشترکہ فریضہ ہے،
افراد باہم معذوری کو تعلیم، ملازمت اور بلدیاتی نمائندگی میں کوٹہ دیا جائے، ڈاکٹر ثناء اللہ، سید ظاہر شاہ، نعیم الرحمن و دیگر مقررین کا حکومت سے مطالبہ

پشاور ( نومبر 2026)

ڈاکٹر ثناء اللہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام میٹروپولیٹن ہال، باچا خان چوک، پشاور میں مفت ویل چیئر تقسیم کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کراچی کے فلاحی ادارے ڈس ایبل ویلفئیر ایسوسی ایشن کے تعاون سے مستحق افراد باہم معذوری میں مجموعی 100 ویل چیئرز تقسیم کی گئیں، جن میں 25 وہیل چیئرز وزیرستان کے معذور بہن بھائیوں کیلئے مختص تھیں، جبکہ 75 وہیل چیئرز پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں کے معذور مرد، خواتین اور بچوں میں تقسیم کی گئیں۔ اسی طرح تھیلیسیمیا کی مریض بچی چمکنی کی امیہ بی بی کو الیکٹرانک وہیل چیئر کا عطیہ بھی دیا گی

تقریب سے مہمان خصوصی سابق وزیر صحت سید ظاہر علی شاہ، کراچی سے آئے سپانسر جاوید رئیس(تمغہ امتیاز)، بانی ڈس ایبل ویلفئیر ایسوسی ایشن، پروگرام منیجر بابر اقبال، سفیر تھیلیسیمیا محمد طارق، سرحد ایوانِ صنعت و تجارت پشاور کے نائب صدر نعیم الرحمان، ایگزیکٹو ممبرز انیلہ خالد، دارالعلوم ہادیہ گلبہار کے مہتمم و خطیب مولانا سعید الہادی، سبحان نور اور دیگر مخیر شخصیات نے خطاب کیا۔

مقررین نے مختلف وجوہات سے معذور ہونے والے بے سہارا افراد کی فراخدلانہ مدد اور اداروں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا جبکہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام معذور افراد کو مفت وہیل چیئرز فراہم کرنے کے اقدام کو بھرپور سراہا۔ مقررین نے اس کارِ خیر میں کراچی کے سپانسرز کے تعاون اور کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ریاست اور معاشرے کا مشترکہ فریضہ ہے اور ایسے فلاحی اقدامات معاشرے میں امید اور ہمدردی کو فروغ دیتے ہیں۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی اور مہمانانِ اعزاز نے اپنے دستِ مبارک سے مستحق معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کیں، جس پر مستحقین نے فاؤنڈیشن اور سپانسرز کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔ مقررین کے علاؤہ جامع مسجد مہابت خان کے خطیب مولانا محمد احمد قریشی، تاجر اتحاد اور پختونخوا قومی جرگہ کے چیئرمین خالد ایوب خان اور پختونخوا ریڈیو کے سابق سربراہ غلام حسین غازی کو بھی یادگاری شیلڈز دی گئیں۔ چیئرمین فاؤنڈیشن ڈاکٹر ثناء اللہ نے بھرپور تعاون پر تمام مہمانوں، سپانسرز، میڈیا نمائندگان اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی اس طرح کے فلاحی منصوبے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔