
سوات(بیورورپورٹ) سوات میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے ملازمین کا احتجاج جاری ہے اور پیر کے روز بھی درجنوں ملازمین نے یونیورسٹی کے سامنے دھرنا دیکر ملازمت میں توسیع نہ دینے اور پراجیکٹ کے ممکنہ بندش کے خلاف حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ملازمین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات میں نعرے درج تھے۔ ملازمین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم 2021سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ میں ملازمت کررہے ہیں اور اب گزشتہ پانچ مہینوں سے ہماری تنخواہیں بند کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اب 93 ملازمین کو زبانی طور پر کہاہے کہ آپ لوگوں کو فارغ کردیا گیا ہے جو کہ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کی گاڑیوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے اور اب یونیورسٹی کے پراجیکٹ کوبھی بند کرنے کی سازش ہورہی ہے لیکن ہم کسی صورت یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات کو تسلیم کرکے ہمیں مستقل ملازمت نہ دی تو ہم اپنے حق کے لئے عدالت کا دروزاہ کٹھکٹھادیں گے اور کسی صورت اپنا حق چھیننے نہیں دیں گے۔
۔۔۔۔۔