مٹہ سب ڈویژن سوات میں سینئر سول جج کی جانب سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے سٹاف کیساتھ ہونیوالے بدتمیزی کا نوٹس لیا جائے ورنہ سب انجینئرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں سے بائیکاٹ کا اعلان کرینگے۔ اگر جمعرات تک ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو مکمل ہڑتال کیا جائیگا۔ ان خیالات کااظہار سب انجینئر ز ایسوسی ایشن ضم اضلاع کے صدر انجینئر سلطان زیب نے ایک بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ مٹہ سب ڈویژن سوات میں سینئر سول جج نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے اہلکاروں کیساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے ان سے زبردستی سرکاری بنگلے اور کوارٹرز خالی کروائے ہیں جوکہ ظلم اور ذیادتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور سیکرٹری محکمہ نے ہمارے ساتھ وعدہ کیاہے کہ جمعرات تک مذکورہ بنگلے اور کوارٹرز خالی کروائے جائیں گے۔ لیکن ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر جمعرات تک ہمارے کوارٹرز واپس ہمیں حوالہ نہیں کئے گئے اور سینئر سول جج نے ہمارے اہلکاروں سے معافی نہیں مانگی تو ہم قلم چھوڑ ہڑتال کرکے تمام ترقیاتی سکیموں پر کام بند کردینگے۔ تمام کام بند رہیں گے۔ چونکہ مون سون کا مہینہ ہے اس میں سیلاب کیوجہ سے فلڈ پروٹیکشن جیسے مسائل آتے ہیں۔ تو ہم پھر مون سون میں بھی کام نہیں کرینگے۔ پھر یہی عدلیہ کے لوگ اور سینئر سول جج آکر کام کرلیں۔ ہم سی اینڈ ڈبلیو سیکرٹریٹ جاکر احتجاج کرینگے اور خاص طورپر عدلیہ کے جتنے بھی کام ہونگے ہمارا اُس سے بائیکاٹ رہیگا۔ اگر آئندہ عدلیہ کے ججز کا سی اینڈ ڈبلیو محکمہ کے اہلکاروں کیساتھ اس طرح کا رویہ رہا تو ہم عدلیہ کے جتنے بھی کام اور پراجیکٹس ہونگے مکمل بائیکاٹ کرینگے۔ اور ہم ان کیساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کرینگے۔