
ایک نئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دنیا کی 22 فیصد ہجرت کرنے والی نسلیں معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں، جب کہ تمام پرجاتیوں میں سے نصف معدومیت کے خطرے سے دوچار ہیں۔
ان جانوروں کو درپیش دو خطرات، ان کا استحصال اور رہائش کا نقصان، انسانی سرگرمیوں کا نتیجہ ہیں۔
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے کہا کہ رپورٹ واضح کرتی ہے کہ غیر پائیدار انسانی سرگرمیاں نقل مکانی کرنے والی نسلوں کے مستقبل کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جانور نہ صرف ماحولیاتی تغیرات کا اشاریہ فراہم کرتے ہیں بلکہ زمین کے ماحول کے پیچیدہ نظام کو فعال رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہر سال اربوں زمینی، سمندری، دریائی اور فضائی جانور ہجرت کرتے ہیں۔
یہ جانور قومی اور براعظمی حدود کو عبور کرتے ہیں۔ جب کہ بہت سے جانور تولید اور خوراک کی تلاش میں ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ فار مائیگریشن اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کی جانب سے حال ہی میں نئی ’اسٹیٹ آف دی ورلڈز مائیگریٹری اسپیسز’ رپورٹ شائع کی گئی ہے۔