
تیمرگرہ ۔۔حکومتی اداروں سے مایوس تالاش املوک درہ کے عوام نے اپنی مدد اپ کی تحت 85 لاکھ روپے کی لاگت سے رابطہ پل کی تعمیر پر کام شروع کر دیا،اس حوالے سے ہیوی مشینری کی مدد سے کام کا باقاعدہ افتتاح ہو گیا اس موقع پر مشران عمائدین اور مقامی نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی،رابطہ پل کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے میں اوورسیز پاکستانیوں اور مقامی مخیر حضرات نے تعاون کیا۔واضح رہے کہ مقامی ندی حالیہ بارشوں کے بعد طغیانی کے سبب راستہ بہہ جانے کی وجہ املوک درہ گاؤں کے ہزاروں نفوس کا گزشتہ دو ہفتوں سے زمینی رابطہ منقطع تھاجس کی وجہ سے طلباء مشران مریضوں اور خصوصا خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقامی سماجی مشر ملک تاج محمد خان ،ڈی ایس پی بخت جمال خان، مولانا مفتی قاضی خالد محمود،ویلج چیئرمین رحمان زادہ ،اور انجینئر مراد خان کا کہنا تھا کہ سی این ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ،منتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ مسلسل رابطوں اور ان کی جانب سے رابطہ پل کی تعمیر کے حوالے سے بار بار اعلانات اور یقین دہانیوں کے باوجود گزشتہ نصف صدی سے یہ مسئلہ جوں کا توں ہے جس کے بعد مشران علاقہ نے اپنی مدد اپ کے تحت مذکورہ رابطہ پل کی تعمیر پر کام کا اغاز کر دیا جس پر ابتدائی اندازے کے مطابق 85 لاکھ روپے لاگت ائے گی واضح رہے کہ ملاکنڈ ڈویژن خصوصا ضلع دیر پائین میں عوام کی جانب سے سرکاری اداروں پر عدم اعتماد کے حوالے سے یہ پہلی مثال ہے جس پر اتنی خطیر لاگت عوام اپنی جیبوں سے خود برداشت کر رہی ہے