
باجوڑ(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی آمیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سابقہ جرنیلوں نے ملک کا سارا اختیار امریکہ کے حوالے کردیا ہے، جو بدامنی کی بنیادی وجہ ہے۔ ہمیں مزید امریکی جنگوں میں نہ جھونکا جائے۔ ہم امن چاہتے ہیں۔ باجوڑ کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ 11 جولائی کو عوام جماعت اسلامی امیدوار عابد خان کو کامیاب بنائیں وہ صوبائی اسمبلی میں آپ کا مقدمہ لڑیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے باجوڑ سپورٹس کمپلکس میں اپریشن نامنظور اور ہم امن چاہتے ہیں کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاً پختون بیلٹ مزید آپریشنوں کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ کا نام لیکر کوئی بھی ملٹری آپریشن نہیں ہونی چاہیئے۔ ہم امن چاہتے ہیں۔ اور اس حوالے سے تمام سیاسی پارٹیوں اور عوام کو اعتماد میں لینا چاہیئے۔ کیونکہ ملٹری آپریشن فوج اور عوام کے درمیان نفرتیں پھیلاتے ہیں۔فوجی آپریشن عوام اور فوج کے درمیان دوریاں پیدا کرتی ہے۔ فوجی آپریشن ہمیشہ نقصان دہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ہمیں ملٹری آپریشن کسی صورت منظور نہیں ہم امن چاہتے ہیں۔ سابقہ تمام آپریشن ناکام ہوگئے ہیں اور ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ قبائلی علاقے سابقہ آپریشنز کے وجہ سے تباہی ہوگئے ہیں یہاں تعمیر و ترقی کی ضرورت ہے۔ ملک میں بے تحاشہ مہنگائی اور نئے ٹیکسز کے باعث غریب اور متوسط طبقے کی زندگی مشکل ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی خوشنما نعروں سے عوام کو دھوکہ نہ دیں بلکہ عملی کام کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خارجہ پالیسی کو امریکی آقاؤں کے کہنے پر نہ چلایا جائے بلکہ آزاد خارجہ پالیسی اختیار کی جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہی مسائل کا ہیں، جنگیں کھبی مسائل کا حل نہیں ہوسکتی۔ طالبان سے مذاکرات کیے جائیں۔ پاکستان کو افغانستان کے ساتھ مذکرات کرنا چاہئیے کیونکہ افغانستان ہمارا دشمن نہیں۔ میں افغانستان پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ وہ بھی اپنی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی اپنے گیارہ سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھے۔ ہمیں تعلیم صحت کی سہولیات اور روزگار چاہئے۔ عوام جینا چاہتے ہیں عوام کو جینے کا حق دیا جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے باجوڑ کے عوام سے اپیل کی کہ 11 جولائی کو عوام کو جماعت اسلامی امیدوار عابد خان کو کامیاب بنائیں وہ صوبائی اسمبلی میں آپ کا مقدمہ لڑیں گے۔جلسہ عام سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم، امیدوار پی کے 22عابد خان، ضلعی آمیر ہارون الرشید، حاجی سردار خان، قاری عبد المجید اوردیگر قائدین نے بھی خطاب کیا اور آپریشن کی مخالفت کی۔ جلسہ عام میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور ہم امن چاہتے ہیں کے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔اپنے خطاب میں امیدوار پی کے 22عابد خان نے کہا کہ میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کی حقوق کی جنگ لڑوں گا۔اوریہاں ہر آپریشن کی بھرپور مخالفت کریں گے اور اس کا راستہ روکیں گے۔