
پاکستان اکیڈمی برائے دیہی ترقی (پارڈ) کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن ریٹائرڈ عدنان گل نے ریڑھ کی ہڈی اور حرام مغز کے چوٹ سے اپاہج ہونے والے مریضوں کے علاج اور بحالی کیلئے زبردست خدمات اور اس مقصد کیلئے قائم ہسپتال کو بطریق احسن چلانے پر اس کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس کی کارکردگی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پورے جنوبی ایشیاء کا یہ واحد اور منفرد طبی ادارہ انکی سربراہی میں وقت کے ساتھ مزید ترقی کی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے اس ضمن میں اکیڈمی میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں ڈاکٹر محمد الیاس کو ادارے کی جانب سے شیلڈ پیش کی اور انہیں زیرتربیت انتظامی افسران کو لیکچرز کیلئے بہترین استاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ زیرتربیت افسران انکی ماہرانہ اپروچ کے علاؤہ پیراپلیجک سنٹر کی طبی، سماجی اور تدریسی خدمات کے بھی معترف ہیں جو اعزاز کی بات ہے۔ ڈاکٹر محمد الیاس نے بتایا کہ پیراپلیجک سنٹر میں افراد باہم معذوری کے علاج اور مکمل بحالی کے علاؤہ سنٹر میں پیدائشی ٹیڑھے پاؤں اور آٹزم کے شکار بچوں کا علاج اور بحالی بھی کامیابی سے جاری ہے جبکہ مستقبل میں کھوپڑی کی چوٹ سے معذور افراد کے علاج و بحالی کا پلان بھی زیر غور ہے کیونکہ بدقسمتی سے فی الحال ایسا کوئی ادارہ ملک میں دستیاب نہیں۔ انہوں نے کیپٹن عدنان گل کو پیراپلیجک سنٹر کی بحالی اور تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر مبنی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جسے کافی سراہا گیا اور اس ضمن میں انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا گیا۔