
تفصیلات کے مطابق کل مورخہ 025-02-08 کو مدعی حمید اللّٰہ ولد صاحب نور سکنہ گل امام نے تھانہ گل امام میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کے بیٹے جواد کو ملزم عرفان ولد ہستی خان سکنہ گل امام معہ دیگر نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا ہے جس پر تھانہ گل امام میں مقدمہ نمبر 08 مورخہ 025-02-08 بجرم 365 PPC درج کیاگیا۔
اس کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک اسلم نواز خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی رورل سید مرجان خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ گل امام مسعود خان معہ پولیس ٹیم پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر خصوصی ہدایات جاری کیں کہ مغوی کی جلد سے جلد بحفاظت بازیابی اور اغواء کاروں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔
ان ہدایات کی روشنی میں ڈی ایس پی رورل سید مرجان خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ گل امام مسعود خان معہ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور حکمت عملی سے چھاپے مارے اور اغواء کاروں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا۔ مسلسل کوششوں کے نتیجے میں مغوی جواد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا جبکہ اغواء کاروں کی گرفتاری کے لیے سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔
اس موقع پر ڈی پی او ٹانک اسلم نواز خان نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹانک پولیس عوام کے جان، مال اور آبرو کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ٹانک پولیس شہریوں کے تعاون سے امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔