
راولپنڈی: تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا کے بعد اڈیالہ جیل پہنچ کر خود کو حوالے کر دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدم موجودگی میں سزا سنائی۔
فیصلے کے بعد بشریٰ بی بی گرفتاری کے لیے اپنی گاڑی میں اڈیالہ جیل پہنچیں، نیب کی ٹیم وہاں پہلے سے موجود تھی اور انہیں گرفتار کرلیا۔
بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی بانی کو جیل میں الگ الگ سیل میں رکھا جائے گا۔
ملک کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر پولیس نے اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔
جیل کے سامنے، پیچھے اور اطراف میں مزید سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
بتادیں کہ جیل انتظامیہ کو تین دن کے اندر جیل کو نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز کال بھی موصول ہوئی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز کال اڈیالہ جیل کے سرکاری نمبر پر کی گئی۔