
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کی ایئرلائنز کو نئی براہِ راست پروازوں کے آغاز اور موجودہ پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ترغیب دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ فیصلہ ’’چین-پاکستان ایکشن پلان (2025-2029)‘‘ کا حصہ ہے جس پر حال ہی میں بیجنگ میں دستخط کئے گئے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب منصوبے کی تفصیلات کے مطابق شہری ہوابازی کو عوامی سطح پر روابط کے وسیع تر فریم ورک کے تحت تعاون کا ایک اہم شعبہ قرار دیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق دونوں ممالک شہری ہوابازی میں تعاون کو مضبوط بنائیں گے جس کے تحت ایئرلائنز کو نئے روٹس کے آغاز اور موجودہ پروازوں کی تعداد بڑھانے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام کاروباری برادری، طلبہ، سیاحوں اور پیشہ ور افراد کے لئے دونوں ممالک کے درمیان سفر کو مزید آسان بنانے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔شہری ہوابازی میں تعاون منصوبے کے ثقافتی تبادلے، تعلیمی تعاون، سیاحت کے فروغ اور تجارتی سہولت کاری جیسے دیگر شعبوں سے بھی جڑا ہوا ہے۔
بڑھتے ہوئی فضائی روابط کی بدولت چین-پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) پر جاری کام اور خطے میں انضمام کی کوششوں کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔ دونوں جانب کے حکام نے اس بات پر زور دیا کہ براہِ راست پروازوں میں توسیع عوامی روابط کو مزید گہرا کرے گی، سفر کے وقت میں کمی لائے گی اور دوطرفہ تعاون کے لئے کئی سطحوں پر نئے مواقع پیدا کرے گی۔