ان رقوم کا شفاف استعمال یقینی بنا کر کئی گنا زیادہ منافع کمایا جائے گا۔ زاہد چن زیب
مجموعی 60 سیاحتی سکیموں کیلئے آٹھ ارب 38 کروڑ روپے مختص کئے گئے۔ زاہد چن زیب
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت اور آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ نئے مالی کے صوبائی بجٹ میں سیاحت کی صنعت کیلئے تقریباً پونے دس ارب روپے کی کثیر رقم مختص کی گئی ہے جو گزشتہ سالوں کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ فنڈز ہیں اور یہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاحت کی ترقی میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی حد درجہ دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پشاور میں میڈیا کے بعض نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ سیاحت واحد شعبہ ہے جس میں جتنی زیادہ سرمایہ کاری ہوتی ہے اتنا ہی زیادہ آمدن میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار پانچ سالوں میں پاکستان نے صرف سیاحت کے شعبہ میں سالانہ بیس ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا ہے جو مجموعی قومی شرح نمو کا چار فیصد بنتا ہے جبکہ گزشتہ ایام عید کے دوران 20 تا 30 لاکھ سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقوں کا رخ کیا جن سے حکومت کو چار ارب روپے تک کی آمدن ہوئی۔ اسلئے وہ وزیراعلی اور صوبہ کے عوام کو یہ واضح یقین دہانی کراتے ہیں کہ اول تو صوبائی بجٹ میں صنعت سیاحت کیلئے مختص 9.66 ارب روپے کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا جائے گا اور دوسرے مکمل کی جانیوالی سیاحتی سکیموں سے خرچ شدہ شدہ رقوم کے مقابلے میں صوبے کو کئی گنا زیادہ مالی و معاشی فوائد ہوں گے نیز سیاحتی خدمات کے ضمن میں مقامی باشندوں کے حالات زندگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونا یقینی ہے۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ میں 60 سیاحتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر آٹھ ارب 38 کروڑ روپے مختص کئے ہیں جن میں 42 جاری سکیموں کیلئے سات ارب 95 کروڑ روپے جبکہ 18 نئی سکیموں کیلئے تقریباً 44 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت پالیسی اور ترقیاتی تسلسل پر یقین رکھتی ہے اسلئے زیادہ توجہ جاری سکیموں کی تکمیل پر دی جا رہی ہے جبکہ نئے منصوبوں میں کئی ایسی میگا سکیمیں شامل ہیں جن میں نئے سیاحتی مقامات کی ترقی اور سیاحوں کیلئے سہولیات میں اضافے کے علاؤہ روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہیں۔