
سوات(بیورورپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی اور صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کی زیر صدارت سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال سیدو شریف میں بچوں کیلئے الگ ایمرجنسی اور ڈائیلاسز یونٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلیم، ایم ایس سیدو شریف ہسپتال ڈاکٹر شرافت علی خان، ڈی ایم ایس محمد خان اور دیگر نے شرکت کی اجلاس میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال میں بچوں کےلئے الگ پیڈز ایمرجنسی اور ڈائیلاسز یونٹ کی منظوری دے دی گئی، پیڈز ایمرجنسی اور ڈائیلاسز یونٹ میں جدید طبی سہولیات میسر ہوں گی یہ طبی سہولیات صحت کارڈ پر مفت فراہم کی جائے گی جو ننھے بچوں اور گردوں کے مریضوں کیلئے بڑا اقدام ہے، یہ تمام تر ایمرجنسی سروسز جدید طبی سہولتوں کی حامل ہوگی۔اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ پیڈز ایمرجنسی اور ڈائیلاسز یونٹ کے سہولیات سے پورے ملاکنڈ ڈویژن اور خصوصاً ضلع سوات کے عوام مستفید ہونگے مختلف ہپستالوں کے جانے کے بجائے سیدو شریف ہسپتال میں آئینگے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سرکاری ہسپتالوں میں تمام تر جدید طبی سہولیات مہیا کرنا تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے صحت مند معاشرہ کسی بھی قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرسکتا ہے۔