
سوات (بیورورپورٹ ) سوات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات مکمل ہو گئے۔ نور محمد خان بلا مقابلہ صدر، محمد خورشید اقبال سینئر نائب صدر جبکہ خالد خان نائب صدر چن لئے گئے ۔ اس سلسلے میں سوات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی انتخابی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں ملاکنڈ ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم،چیمبر آف کامرس کے سابق صدر راحت علی خان، یوسف علی خان، عدنان علی خان، ڈاکٹر ذاکر محمد، الحاج زاہد خان اور ڈاکٹر افتخار نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب میں الیکشن کمیشن کے ممبران نے صدارت کیلئے نور محمد خان کی جانب سے کاغذات نامزد گی کی تصدیق کی اورانہیں درست قرار دیا ۔ان کے مقابلے میں کسی اور نے کاغذات جمع نہیں کرائے ۔اسی طرح سینئر نائب صدر کے عہدے کیلئے محمد خورشید اقبال اور نائب صدر کے عہدے کیلئے خالد خان نے کاغذات جمع کرائے تھے اوران کے مقابلے میں بھی کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے اور تینوں عہدیدار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ اسی طرح کارپوریٹ گروپ کے سات اراکین کی کاغذات نامزدگی کی تصدیق کی گئی۔ جن میں اکبر خان، ہارون رشید، اکبر علی، فرہاد علی خان، محمد خورشید اقبال، جہان زیب، گل بوستان شامل ہیں جبکہ ایسوسی ایٹ گروپ سے عبیدا للہ، محمد انور، اعجاز کریم، سلمان خان، نور محمد خان، خالد خان، بلال الرحمان،شہزاد اکبر، خورشید انور، رحیم زادہ، عبدالبصیر، عمر علی باچا، محمد صادق، عثمان، امجد علی اور حضرت علی منتخب ہوئے۔تقریب سے خطاب میں مقررین نے سوات میں امن برقرار رکھنے پر زور دیا اور تمام صنعتی، کاروباری، سیاحتی سرگرمیوں کو امن سے مشروط کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔