سوات(بیورورپورٹ)سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے پیوچار میں سابق امن کمیٹی کے رکن اعجاز پشتون فائرنگ سے جاں بحق جبکہ سوات لیویز کا اہلکار زخمی ہوگیاہے۔ ایس ایچ او تھانہ چپریال محمد ایاز کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اعجاز پشتون اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی میں گھر جارہے تھے کہ گھر کے قریب گاڑی پر فائرنگ ہوئی۔ اعجاز پشتون جوں ہی گاڑی سے باہر نکلے تو ان پر شدید فائرنگ کی گئی اور وہ فائرنگ کی زدمیں آکرشدیدزخمی ہوگئے۔ جن کوفوری طبی امداد کے لئے مٹہ اسپتال منتقل کردیا گیا مگروہ جانبرنہ ہوسکے۔ان کی سیکیورٹی پر مامور سوات لیویز کے اہلکار سیدرحمان بھی حملے میں زخمی ہوگیا ہے ۔جسے فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
۔۔۔۔۔