
سوات(بیورورپورٹ)
ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی زیر صدارت ملم جبہ میں ”سوات ونٹر فیسٹیول” کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹرجنرل اپر سوات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی عدنان ابرار، اسسٹنٹ کمشنر چارباغ، نمائندہ پاک آرمی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر، پرووسٹ یونیورسٹی آف سوات، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) سوات، محکمہ پولیس، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چارباغ، سوات چیمبر آف کامرس، جنگلات، تعلیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سعید خان،ڈائریکٹرسیم سنز کمپنی واصف اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ملم جبہ میں سوات ونٹر فیسٹیول کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر سوات کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سوات ونٹر فیسٹیول میں متعدد ساٹلز لگائے جائینگے جس میں ہینڈی کرافٹس، جیم سٹون، ڈرائی فروٹ، کلچر اینڈ آرٹس، گیمز، ویڈیو گیمز اور دیگر سٹالز کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات کی جانب سے خصوصی شجرکاری مہم کا بھی انعقاد کیا جائیگا۔ اجلاس کے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ ملم جبہ ”سوات ونٹر فیسٹیول” کو کامیاب بنانے کیلئے تمام محکمے اس حوالے سے ضروری اقدامات اور انتظامات کا جامع پلان تیار کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے جس پر تفصیلی طور پر بحث کرکے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کا کہنا تھا کہ سوات ونٹر فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی میوزک پرفارمینس کابھی انعقاد ہوگا۔ فیسٹیول میں مختلف قسم کے کھانوں سمیت ہاتھ سے بنی ہوئی مختلف اشیاء کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے جبکہ علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے رنگارنگ پروگرامز بھی فیسٹیول کا حصہ ہیں۔ فیسٹیول میں ادبی نشست کا بھی خصوصی اہتمام ہوگا جس میں شعراء شرکت کریں گے۔ فیسٹیول میں فیملیز اور بچوں کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔