
پولیس کے افسران اور جوانوں کے تبادلوں، چھٹیوں اور فلاح و بہبود سے متعلق امور کے برموقع حل کے احکامات جاری
موجودہ حالات و واقعات کیمطابق ڈیوٹی میں ایمانداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کی ہدایات بھی جاری
آج ضلعی پولیس سربراہ ٹانک اسلم نواز خان نے ضلعی پولیس دفتر ٹانک میں پولیس ملازمین کے لیے ایک اہم دربار منعقد کیا جس میں ایس پی انویسٹیگیشن ٹانک کیڈٹ حاجی ناصر خان، ڈی ایس پی رورل سید مرجان خان، ایس ایچ اوز، انچارج ٹریفک اور لائن افیسر سمیت پولیس کے دیگر افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دربار کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد ڈی پی او ٹانک نے پولیس ملازمین کے مسائل فرداً فرداً سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر انہوں نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ضلع ٹانک کی پولیس میری اپنی پولیس ہے، کیونکہ میں اس ٹیم کا سربراہ ہوں اور آپ سب میرے لیے خاندان کی مانند ہیں
اسی طرح انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کی سہولت کے پیش نظر ان کی پسند کی جگہوں پر تبادلوں کے احکامات جاری کیے اور چھٹیوں کے مطالبے کو فوری طور پر منظور کر لیا، تاکہ ملازمین اپنی گھریلو اور ذاتی ضروریات کو بھی احسن طریقے سے نبھا سکیں۔
علاؤہ ازیں انہوں نے ملازمین کو ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور موجودہ حالات کے مطابق اپنی ڈیوٹی انجام دینے کی سختی سے ہدایت کی اور کہا کہ پولیس فورس کے ہر رکن کو عوامی خدمت اور انصاف کی فراہمی کو اپنا مشن بنانا ہوگا۔
اس موقع پر دربار میں شریک پولیس اہلکاروں نے اپنے مسائل اور تجاویز ڈی پی او ٹانک کے سامنے رکھیں، جنہیں غور سے سننے کے بعد تمام جائز مطالبات کے فوری حل کے احکامات جاری کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملازمین کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ سہولیات میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
آخر میں ملک و قوم کی خوشحالی و سلامتی، امن کے قیام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ پولیس افسران و جوانوں نے ڈی پی او ٹانک کی جانب سے مسائل کے فوری حل، مثبت رویے، فورس سے یکجہتی اور ہمدردانہ پالیسیوں کو سراہا اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔