
اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف ) نے ملک بھر میں براڈبینڈ رابطہ بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت کئی بڑے آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی ) منصوبے مکمل کر لئے ہیں۔یہ منصوبے مختلف صوبوں اور اضلاع پر محیط ہیں جو پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ویلتھ پاکستان کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا میں OFC-KPK/Package-2 منصوبے کے تحت 800.22 کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھائی گئی جس سے باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی سمیت دیگر اضلاع مستفید ہوئے۔
اس منصوبے سے 38 یونین کونسلوں/تحصیل ہیڈکوارٹرز کو فائدہ پہنچا جبکہ اس پر مجموعی طور پر 2.15 ارب روپے خرچ کئے گئے۔ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان میں OFC-UC-KP-LOT17 منصوبے کے تحت 756.46 کلومیٹر آپٹیکل فائبر نصب کی گئی جس سے 78 یونین کونسلوں/تحصیل ہیڈکوارٹرز کو سروس فراہم کی گئی۔ اس منصوبے پر تقریباً 1.51 ارب روپے لاگت آئی، جس سے خطے میں رابطے کی صلاحیت مزید مضبوط ہوئی۔پنجاب میں میانوالی ضلع کے OFC-UC-PB-LOT8 منصوبے کے تحت 341.07 کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھائی گئی جس کے ذریعے 29 یونین کونسلوں/تحصیل ہیڈکوارٹرز کو منسلک کیا گیا۔ اس منصوبے کے لئے 552 ملین روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی۔
سندھ میں بھی نمایاں پیشرفت ہوئی جہاں 2025 میں دو منصوبے مکمل کئے گئے۔ OFC-UC-SD-LOT10 منصوبہ دادو اور جامشورو سمیت مختلف اضلاع میں 712.89 کلومیٹر پر محیط ہے جس سے 54 یونین کونسلوں/تحصیل ہیڈکوارٹرز کو جوڑا گیا اور اس پر 1.33 ارب روپے خرچ ہوئے۔سندھ ہی میں OFC-UC-SD-LOT11 منصوبے کے تحت لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ اضلاع میں 645.98 کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھائی گئی جس سے 62 یونین کونسلوں/تحصیل ہیڈکوارٹرز مستفید ہوئے، جبکہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 1.52 ارب روپے خرچ کئے گئے۔ایک اور منصوبہ OFC-UC-SD-LOT12 حیدرآباد اور بدین سمیت مختلف اضلاع میں 766.64 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔
اس منصوبے سے 50 یونین کونسلوں/تحصیل ہیڈکوارٹرز کو فائدہ پہنچا اور اس کے لئے 1.8 ارب روپے کی نمایاں سبسڈی دی گئی۔ مجموعی طور پر ان منصوبوں کے تحت تین صوبوں میں 4,023.26 کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھائی گئی اور 311 یونین کونسلوں/تحصیل ہیڈکوارٹرز مستفید ہوئے۔
یہ منصوبے حکومت کی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد خاص طور پر دیہی اور پسماندہ علاقوں میں براڈبینڈ رسائی بہتر بنانا اور بیس ٹرانسیور اسٹیشنز (BTS) کی فائبرائزیشن کو فروغ دینا ہے، جو تاحال جاری ہے۔یہ اقدامات ملک بھر میں ڈیجیٹل سروسز کو بہتر بنانے، ٹیلی کمیونیکیشن شعبے کو مضبوط کرنے اور وسیع تر معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔