دستاویزات کی تصدیق کے لئے نئی موبائل ایپ متعارف کرانے کا منصوبہ

Spread the love

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وزارتِ خارجہ عام دستاویزات کی تصدیق کے لئے ایک نئی موبائل ایپلیکیشن متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ویلتھ پاکستان کے پاس دستیاب ایک دستاویز کے مطابق یہ اقدام وزارتِ خارجہ کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد اپنے نظام کو جدید اور ڈیجیٹل بنانا ہے تاکہ عوام کے لئے خدمات کو مزید قابلِ رسائی اور آسان بنایا جا سکے، یہ ایپ اس انداز میں تیار کی جا رہی ہے کہ انسانی مداخلت کم سے کم ہو اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہو سکے۔

ایپ کے ذریعے نہ صرف درخواستوں کی براہِ راست نگرانی کی سہولت فراہم کی جائے گی بلکہ صارفین کم سے کم انسانی شمولیت کے ساتھ وزارت کی خدمات سے استفادہ بھی کر سکیں گے۔ اس سے وزارت کے دفاتر کے بار بار جسمانی دوروں کی ضرورت نمایاں طور پر کم ہو جائے گی اور درخواست کے عمل میں آسانی پیدا ہوگی جس سے صارف دوست تجربہ یقینی بنایا جا سکے گا۔یہ اقدام مختلف سرکاری اداروں اور ڈیٹا بیسز کے انضمام کے وسیع تر وژن کا حصہ ہے جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین، نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور صوبائی ڈیٹا بیسز شامل ہیں تاکہ ایک مربوط اور مؤثر نظام تشکیل دیا جا سکے۔

مزید برآں وزارتِ خارجہ اپنی عمارت میں ایک نیا قونصلر ہال تعمیر کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے تاکہ خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔وزارت معتبر سروس فراہم کنندگان کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے لئے ون ونڈو حل پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ عوام تمام ضروری خدمات ایک ہی جگہ سے حاصل کر سکیں۔

جنرل اٹیسٹیشن کے عمل کی ڈیجیٹلائزیشن، اپوسٹائل اٹیسٹیشن کی کامیاب مثال کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی جس سے دستاویزات کی تصدیق کا عمل جدید ہوگا اور آن لائن رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔نئی ڈیجیٹل حکمتِ عملی کا ایک اہم پہلو آسان خدمت مراکز کے ساتھ خدمات کا انضمام بھی ہے جس کے ذریعے مقامی سطح پر سرکاری خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی اور ملک بھر کے شہریوں کے لیے رسائی بہتر بنائی جا سکے گی۔

ویلتھ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری وزارتِ خارجہ آمنہ بلوچ نے کہا کہ اس تبدیلی کا مقصد ایک زیادہ مؤثر، شفاف اور صارف مرکوز وزارتِ خارجہ تشکیل دینا ہے جو اس مستقبل کی بنیاد رکھے گی جہاں عوامی خدمات محض ایک بٹن دبانے پر دستیاب ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button