اسلام آباد: مولانا مسعود الرحمان عثمانی قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، سیکیورٹی اداروں نے مولانا کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس اور سول حساس ادارے نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مشترکہ کارروائی کی، مولانا کو گولی مارنے والے اور منصوبہ تیار کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو اسلام آباد میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور ملزمان کے بیرون ممالک سے بھی رابطے تھے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے 700 سے زائد ویڈیوز کی جانچ پڑتال کی، کیس کی تفتیش کے لیے 5 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو مختلف پہلوؤں پر کام کر رہی ہیں، ایس ایس پی آپریشنز ڈویژن اور ایس پی نے ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے سخت محنت کی۔
ترجمان کے مطابق آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے تحقیقاتی ٹیم کو مبارکباد دی۔