
اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، گزشتہ ہفتے کے دوران مزید 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان نئے سال کے تیسرے ہفتے بھی جاری ہے۔ جنوری کے تیسرے ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ مہنگائی کی شرح بھی 44.64 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
مہنگائی میں مسلسل اضافے کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر وہ گروپ ہے جس کی ماہانہ آمدن 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے کے درمیان ہے جس کے لیے مہنگائی کی شرح 48.43 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے اپنی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔