
اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایران میں پاکستان کی جوابی کارروائی کے تناظر میں کہا ہے کہ اگر کسی ملک نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے موثر جواب دیا جائے گا۔
سابق صدر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن پاکستان پر حملہ کرنے والے اب دو بار سوچیں گے۔
ہم نے ہمیشہ دنیا میں امن کی بات کی ہے اور ہمیشہ دنیا میں امن برقرار رکھنے کے لیے کام کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہماری افواج ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہیں،
ہم اپنے پڑوسی ممالک سے بہترین تعلقات چاہتے ہیں لیکن صرف برابری کی بنیاد پر۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ پاکستان نے ایران کے میزائل حملے کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جب کہ جوابی کارروائی میں پاکستان نے کسی شہری یا ایرانی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا۔